کوچی، 11دسمبر(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا) کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارئی وجین نے بھوپال میں ان کے خلاف ہوئے احتجاج کے لئے آر ایس ایس کی ثقافت کوذمہ دارٹھہرایا، جس کی وجہ سے وہ ایک تقریب میں شرکت نہیں کر پائے۔مدھیہ پردیش سے واپس آنے کے بعد وجین نے کہا کہ ہفتہ کو ہوئے احتجاج کے پیچھے بی جے پی کی نظریاتی سرپرست راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کا ہاتھ تھا۔وزیراعلیٰ نے اتوار کو کہا کہ عام طور پر جب وزیراعلیٰ کسی دوسری ریاست کے دورے پر جاتے ہیں تو اس کے لئے پروٹوکول ہوتا ہے لیکن احتجاج کے پیچھے چونکہ آر ایس ایس تھا۔ اس لئے پولیس خاموش تماشائی بنی رہی،یہ آر ایس ایس کی ثقافت کی عکاسی کرتاہے۔بجرنگ دل اور آر ایس ایس کے کارکنوں نے وجین کو بھوپال میں ایک پروگرام میں حصہ لینے سے روک دیاتھا۔مدھیہ پردیش پولیس نے کیرالہ کی تنظیموں کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام تک پہنچنے سے پہلے ہی وجین کو واپس جانے کو کو کہا۔وجین نے کہا کہ کیرالہ میں ایسا کبھی نہیں ہوا ہے۔حال میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کننور کا دورہ کیاتھا جو مارکسی کمیونسٹ پارٹی کا گاؤں (گڑھ)سمجھا جاتا ہے لیکن وہاں کوئی مسئلہ نہیں تھا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ مرکزی وزیر داخلہ کا دورہ ایسے وقت ہوا تھا جب کننور میں بھاری کشیدگی تھی، یہی سوچ اور ثقافت میں فرق ہے۔واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے وجین کو فون کیااورافسوس کااظہارکیا۔ریاست کے پولیس سربراہ نے بھی وجین سے ملاقات کی اور جو کچھ ہوا اس کے لئے معافی مانگی۔